نئی دہلی، 26؍ جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) 73 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پرہندوستان کی ثقافتی جھلک پیش کی گئی جس میں ہندوستانی فضائیہ کے 75 طیاروں نے ہوا میں اُڑان بھرتے ہوئے فلائی پاسٹ کیا۔ دہلی کے راجپتھ میں رافیل جنگجو طیاروں کے ذریعے آسمان میں ایرو ہیڈ فارمیشن کی شکل بھی بنائی گئی۔ وہیں بی ایس ایف کی سیما بھوانی موٹر سائیکل ٹیم نے بھی یوم جمہوریہ پریڈ میں اپنا کرتب دکھا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔ اس پریڈ میں تمام خواتین سپاہیوں نے حصہ لیا۔
واضح رہے کہ اس بار کورونا وائرس انفیکشن کے تیزی سے پھیلنے کے سبب کچھ احتیاطی اقدامات کئے گئے تھے اور 15 سال سے کمر عمر بچوں کو تقریب میں شامل ہونے پر پابندی عائد کی گئی تھی اسی طرح جن لوگوں نے کووڈ کے دونوں ٹیکے نہیں لئے ہوں، اُنہیں بھی تقریب میں جانے کی اجازت نہیں تھی۔ ۔ اس بار 16 فوجی ٹیموں، 17 ملٹری بینڈ اور مختلف ریاستوں، محکموں اور مسلح افواج کی 25 جھانکیوں کو شامل کیا گیاتھا۔
یوم جمہوریہ پریڈ-2022 میں فوج کی نمائندگی گھوڑ سواروں کے ایک دستہ، 14 مشینی (میکینائزڈ) دستے، مارچ کرنے والے 6 فوجی دستوں اور جدید لائٹ ہیلی کاپٹروں کے فلائی پاسٹ کے ذریعے کیا گیا۔ فوج کے مشینی دستے میں ایک پی ٹی-76 ٹینک، ایک سنچورین ٹینک، دو ایم بی ٹی ارجن ایم کے آئی ٹینک، ایک اوٹی-62 ٹوپس بختربند فوجی گاڑی، بی ایم پی کے دو پیدل جنگجو گاڑی نظر آئیں۔
پریڈ میں فضائیہ کی طاقت کو بھی جھانکی کی شکل میں دکھایا گیا۔ اسی طرح ہندوستانی بحریہ کی جھانکی کو بھی دکھایا گیا۔ فضائیہ کی جھانکی میں مگ -21، رافیل، ہلکے جنگی ہیلی کاپٹر، اشلیشا رڈار اور جینیٹ کوبھی دکھایا گیا۔